11/Dec/2024
News Viewed 45 times
اسلام آباد ترجمان پاکستان تحریک انصاف نے کہا ہے کہ عمران خان ضمیر کے قیدی ہیں، فیض حمید کے نام پر زیرِعتاب لانے کی کوشش کبھی قبولیت نہیں پاسکتی، سیاسی انتقام اور سازش میں ڈوبا ہر قدم پہلے کیطرح بےنقاب ہوگا، فیض حمید فوج کا اندرونی معاملہ ہے، عسکری قیادت بےلگام اچھل کود کرنے والوں کا نوٹس لے۔
پی ٹی آئی ایکس پر جاری اپنے ردعمل میں ترجمان نے کہا کہ جنرل فیض حمید کے معاملے پر عطاتارڑ اور فیصل واوڈا سمیت سرکاری ٹاؤٹوں کی بیان بازی پر اپنے ردعمل میں کہا کہ فوج کو سیاست میں گھسیٹنے کی حکومتی کوششیں شرمناک اور قابلِ مذمت ہیں، سرکاری صداگیروں کی مضحکہ خیز بیان بازی سے افواج کی ساکھ کو پہنچنے والے نقصان کے فوری نوٹس اور ڈی جی آئی ایس پی آر سے معاملے کے حقائق قوم کے سامنے لانے کی سفارش ، گزشتہ اڑھائی برس کے دوران بے سرو پا بیانیوں کا سہارا لیا گیا اور جھوٹ تراشے گئے۔
ترجمان پاکستان تحریک انصاف نے کہا کہ تحریک انصاف نے ان گنت محرّکات کے باوجود بحثیت ادورہ فوج کو سیاست سے الگ رکھا اور اسے اپنی سیاست کا ایندھن بنانے سے سختی سے گریز کیا، مقتدرہ کے اصطبل کے چند سرکاری ٹٹوؤں کو بہرحال افواجِ پاکستان کو گھٹیا بیانیہ سازی کیلئے استعمال کرنے کی کھلی اجازت ہے، رجیم چینج سازش کے ذریعے جمہوریت اور دستور پر دن دیہاڑے ڈاکہ ڈالنے والے قمر جاوید باجوہ نے نیوٹریلیٹی کا جو جھانسہ قوم کو دیا اس کے پرخچے یہ سرکاری صداگیر ہر روز اڑا رہے ہیں۔
ترجمان پاکستان تحریک انصاف نے کہا کہ عمران خان ضمیر کے قیدی ہیں، فیض حمید یا کسی بھی دوسرے شخص کے نام پر انہیں زیرِ عتاب لانے کی ریاستی کوشش قوم کی نگاہوں میں کبھی قبولیت نہیں پاسکتی، فیض حمید افواجِ پاکستان کا اندرونی معاملہ ہے تو عسکری قیادت بے لگام سرکاری ٹٹوؤں کی اچھل کود کا نوٹس لے اور اقدام کرے، سیاسی انتقام اور سازش میں ڈوبا ہر قدم پہلے کیطرح اب بھی بےنقاب ہوگا اور حتمی بول بالا حق اور سچ ہی کا ہوگا۔