09/Dec/2024
News Viewed 52 times
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 09 دسمبر 2024ء ) وزیراعظم شہباز شریف نے شام میں پھنسے پاکستانیوں کے جلد از جلد محفوظ انخلاء کی ہدایت کردی۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت شام کی صورتحال اور پاکستانیوں کے انخلاء کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا، جس میں وزیراعظم نے محفوظ انخلاء کے لیے لائحہ عمل تشکیل دینے کی ہدایت کردی، اجلاس میں وزیراعظم کی جانب سے دمشق میں پاکستانی سفارتخانے کو معلوماتی ڈیسک اور پاکستانیوں سے رابطے کے لیے ہیلپ لائن قائم کرنے کی بھی ہدایت کردی گئی۔
اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ شام میں مقیم پاکستانیوں کے محفوظ انخلاء کے لیے اقدامات لیے جائیں، شام میں مقیم پاکستانیوں کے جان و مال کی حفاظت ہماری اولین ترجیح ہے، اس مقصد کے لیے تمام وسائل کو بروئے کار لایا جائے۔
بتایا جارہا ہے کہ شام جانے والے کئی پاکستانی زائرین وہاں پھنس گئے ہیں، شام کی باغی ملیشیا کے ملک پر قبضے کے باعث سینکڑوں پاکستانی زائرین شام میں پھنسے ہونے کی اطلاعات ہیں، ہر سال لاکھوں پاکستانی مقدس مقامات کی زیارت کے لیے عراق اور شام جاتے ہیں جہاں صدر بشار الاسد کے ملک چھوڑنے کے بعد باغیوں نے سرکاری عمارتوں اور ائیر پورٹس کا کنٹرول سنبھال لیا، ائیر پورٹ کی بندش کے باعث شام میں تقریباً 300 پاکستانی زائرین پھنس کر رہ گئے، مشق کے علاقے سیدہ زینب میں ہوائی فائرنگ کے باعث زائرین میں خوف و ہراس ہے۔
شام میں موجود پاکستانی سفارتی حکام کی جانب سے شام میں رہنے والے تمام پاکستانیوں کو انتہائی محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے، شام کی موجودہ صورت حال کو مدنظر رکھتے ہوئے ہنگامی صورتحال میں پاکستانی سفارتخانے کے نمبرز دے دیے گئے ہیں، اسی حوالے سے حکام کا کہنا ہے کہ دمشق میں پاکستان کا سفارتی عملہ مکمل طور پر محفوظ ہے، پاکستان انٹرنیشنل سکول کے اساتذہ اور عملہ بھی محفوظ ہیں۔