10th Class Result 2022 9th Class Result 2022

وزیراعظم کا صارفین کیلئے بجلی کے نرخوں میں مزید کمی کرنے کا حکم


سیاسی

14/Dec/2024

News Viewed 35 times

وزیراعظم کا صارفین کیلئے بجلی کے نرخوں میں مزید کمی کرنے کا حکم

اسلام آباد وزیراعظم شہباز شریف نے متعلقہ حکام کو صارفین کے لیے بجلی کے نرخوں میں مزید کمی کرنے کا حکم دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت مستقبل کیلئے بجلی پیداواری منصوبوں اور بجلی کے شعبے میں بالخصوص ترسیلی نظام پر جائزہ اجلاس ہوا، اس دوران وزیراعظم کو ملک بھر میں جاری پن بجلی کے منصوبوں پر پیشرفت سے آگاہ کیا گیا، اجلاس میں وزیراعظم نے بجلی نرخ مزید کم کرنے اور مستقبل میں پیداواری منصوبوں میں لائحہ عمل تیزکرنے کی ہدایت کی۔

اس حوالے سے انہوں نے کہا کہ مستقبل میں کم لاگت بجلی منصوبوں کو ہی ترجیح دی جائے اور بجلی پیداوار کے منصوبوں کے لیے ترجیحی بنیادوں پر مقامی وسائل کو بروئے کار لایا جائے، پن بجلی منصوبے کم لاگت کے ایسے ذرائع ہیں جن سے ماحول دوست سستی بجلی فراہم ہوگی، بجلی کی موجودہ استعداد کو بھی شمسی توانائی پر منتقل کیا جائے، دنیا بھرمیں ماحول دوست کم لاگت شمسی توانائی سے بجلی پیدا کی جا رہی ہے، پاکستان خوش قسمت ملک ہے جہاں شمسی توانائی کی وسیع استعداد موجود ہے۔



بتایا گیا ہے کہ اجلاس میں زیادہ ایندھن سے کم بجلی بنانے والے غیرمؤثر بجلی گھروں کو ختم کرنے سے متعلق پیشرفت پر آگاہی دی گئی، جس پر وزیراعظم نے زیادہ ایندھن سے کم بجلی پیدا کرنے والے فرسودہ بجلی گھروں کو فوراً بند کرنے کی ہدایت کی، انہوں نے بجلی شعبے کی اصلاحات کیلئے تمام تر اقدامات معینہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایت بھی کی۔ شہباز شریف نے کہا کہ ایسے بجلی گھروں کی بندش سے قیمتی زر مبادلہ کی بچت اور صارف کیلئے لاگت بھی کم ہوگی، بجلی شعبے کی اصلاحات میں دانستہ رکاوٹ پیدا کرنے والے افسران کیخلاف کارروائی کی جائے، بجلی ترسیل کے نظام میں جاری اصلاحات پر عمل درآمد کو تیز کیا جائے، بجلی ترسیل نظام کو بین الاقوامی معیار کے تحت جدید خطوط پر استوار کیا جائے اور کم لاگت بجلی کے انتخاب و ترسیل کیلئے جدید ٹیکنالوجی پر جلد عمل یقینی بنایا جائے۔

متعلقہ خبریں