09/Jul/2021
News Viewed 1193 times
غزہ ( ڈیلی پاکستان آن لائن ) غزہ میں اسرائیل کی حالیہ بمباری سے تباہ شدہ عمارتوں اور شہر کے ڈھانچے کی دوبارہ تعمیر پر تقریباً ساڑھے 48کروڑ ڈالر کی لاگت آئے گی ، عالمی بینک نے تخمینہ ظاہر کر دیا۔
العربیہ کے مطابق اپنی رپورٹ میں عالمی بینک کا کہنا تھا کہ عمارتوں اور انفراسٹرکچر کو پہنچنے والے نقصان کا اندازہ تقریبا 38کروڑ ڈالر جبکہ جنگ کےباعث 19کروڑ ڈالر کا معاشی نقصان ہوا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ علاقے کے محاصرے کے باعث پہلے ہی یہاں بیروزگاری کی شرح 50فیصد سے زیادہ ہے ۔
مئی میں 11 روزہ حملوں کے دوران اسرائیلی فوج نے غزہ میں تباہ کن بمباری کی تھی ، عالمی بینک کے مطابق بمباری کے نتیجے میں چار ہزار سے زائد مکانات اور عمارتیں مکمل یا جزوی متاثر ہوئیں جبکہ 67 کمسن بچوں اور 39 خواتین سمیت 260 سے زائد فلسطینی شہید ہوئے ۔
آگے بھی پڑھیں: پاک ایران تعلقات بڑھنے لگے
واضح رہے کہ غزہ کی پٹی میں 20 لاکھ سے زائد فلسطینی رہتے ہیں ، اسرائیل نے اس علاقے کا زمینی اور بحری محاصرہ کر رکھا ہے جبکہ مصر فلسطینی علاقے کے ساتھ اپنی رفح بارڈر کراسنگ کو سال کا زیادہ عرصہ بند ہی رکھا جاتا ہے ، غزہ کو دنیا کی سب سے بڑی کھلی جیل قرار دیا جاتا ہے ۔