16/Dec/2024
News Viewed 55 times
وفاقی حکومت نے آئندہ 15 روز کیلئے ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اعلان کردیا، نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات 12 بجے سے ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق حکومت کی جانب سے پٹرول کی قیمت برقرار رکھی گئی ہے جس کے تحت آئندہ 15 روز کیلئے بھی صارفین کو پٹرول 252 روپے 10 پیسے فی لٹر کے ریٹ پر ہی ملے گا، تاہم ڈیزل کی قیمت میں 3 روپے 5 پیسے فی لٹر کمی کی گئی ہے جس کے نتیجے میں ملک میں ہائی سپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 255 روپے 38 پیسے فی لٹر مقرر کردی گئی۔
وزارت خزانہ کے اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ آئندہ 15 روز کے لیے لائٹ ڈیزل کی قیمت بھی کم ہوئی ہے، جس کے نرخ 2 روپے 78 پیسے فی لٹر کم ہونے کے بعد 148 روپے 95 پیسے فی لٹر مقرر ہوئے ہیں، اسی طرح مٹی کا تیل بھی سستا ہوا ہے جس کی قیمت 3 روپے 32 پیسے فی لٹر کم کی گئی ہے اور اب ملک میں اگلے 15 روز کے لیے مٹی کا تیل 161 روپے 66 پیسے فی لٹر کی قیمت میں دستیاب ہوگا۔
دوسری طرف ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی سالانہ 396ارب روپے کی سمگلنگ کا انکشاف سامنے آیا ہے، ملک میں سمگلنگ کا مجموعی حجم 750 ارب روپے ہے جس میں سب سے زیادہ پٹرولیم مصنوعات کی سمگلنگ ہورہی ہے، دیگر اشیاء میں تمباکو‘ ٹائرز‘ فیبرک‘ وہیکلز‘ چائے‘ آٹو پارٹس‘ بیٹل نٹس اور موبائل فون شامل ہیں، اس حوالے سے وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ایک اجلاس میں ہدایت کی کہ پیٹرول کی سمگلنگ کے خلاف مزید سخت کاروائی کی جائے۔
بتایا جارہا ہے کہ سمگل شدہ ایندھن کے خلاف سخت کریک ڈاؤن اور پیٹرول و ڈیزل کی قیمتوں میں نمایاں کمی کی وجہ سے پاکستان کی پٹرولیم کی فروخت نومبر 2024ء میں 25 ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی جو ایک اعشاریہ 58 ملین ٹن تک رہی جو گزشتہ سال ایک اعشاریہ 37ملین ٹن تھی، ایک اعشاریہ 58ملین ٹن پٹرولیم کی مالیت تقریباً 500 ارب روپے بنتی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کے سمگلنگ کےخلاف بڑے کریک ڈاون کی تیاری کرتے ہوئے ملک بھر میں غیر قانونی پیٹرول پمپس کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا ہے، پٹرولیم سے متعلق قوانین میں ترامیم کی تجاویز دے دی گئی ہیں۔